حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت الله حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی جامعة المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور پاکستان میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات نے قرآن مجید میں سب سے زیادہ رحمت کا ذکر کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ذات انسان کو ہر طرح سے آزماتی ہے؛ کبھی دولت دے کر، کبھی علم دے کر اور کبھی غربت دے کر آزمایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا ہماری حکومت نے مملکت خداداد کو قرضوں میں ڈبو دیا ہے، سب سے پہلے قرض ادا کیا جائے اور پھر اس ملک کو ترقی کے راہ پر لانا ضروری ہے۔
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کو مخاطت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے قرآن پڑھا ہوا ہے ،آپ بہتر جانتے ہیں کہ اسراف کتنا برا ہے؟ پاکستان کو اللہ نے ہر چیز عطا کی ہے ۔فیلڈ مارشل صاحب توجہ دیں، غیر ضروری اخراجات ختم کروائیں، اشرافیہ کو پالا جارہا ہے جبکہ غریبوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔ حالانکہ کوئی بھی نعمت ایسی نہیں ہے کہ جو پاکستان میں موجود نہ ہو۔ قرآنی اصول ہے کھاؤ ، پیو، لیکن اسراف نہ کرو، اس حکم قرآنی پرپر عمل کریں تو آپ کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا علمائے کرام کی محنت نے بہت فائدہ دیا ہے، لیکن جس چیز نے ہمیں مستقل فائدہ دیا ہے، وہ قرآن مجید ہے،کیونکہ یہ لاریب کتاب ہے جس میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ مولا امیر المومنین علی علیہ السلام کی شہادت شدت عدل کی وجہ سے ہوئی۔ حضرت عمر نے بھی ایک بار کہا تھاکہ اگر حضرت علی کو حکومت مل جائے تو وہ مکمل عدل و انصاف کے ساتھ چلائیں گے۔ یہ بنو امیہ کا طریقہء کار رہا ہے کہ کسی کو 20 ،25 لاکھ دے دیے اور کسی کو 20، 25 ہزار ۔ ہماری حکومت بھی بنی امیہ کے طریقے پر عمل کر رہی ہے،امیروں کو نوازا جارہا ہے، جبکہ غریبوں کا خون بھی نچوڑ لیا گیا ہے۔
آیت الله حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بڑی عزت دی ہے۔ قیام پاکستان کی تاریخ 14 اگست تو سب کو یاد ہے، لیکن 27 رمضان المبارک کسی کو یاد نہیں ہے،جو کہ من حیث القوم افسوسناک ہے۔









آپ کا تبصرہ